بپر جوائے کے ٹل جانے کا امکان کم ہے، چیف میٹرولوجسٹ

’بپر جوائے آج اپنی سمت مزید تبدیل کر سکتا ہے‘

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان بپر جوائے کے ٹل جانے کے امکان فی الحال کم ہے۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’الیونتھ آور‘ میں گفتگو کرتے ہوئے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا کہ سمندری طوفان بپر جوائے پہلے کیٹگری 3 میں تھا لیکن اب 2 میں آگیا ہے، طوفان میں 100 سے 140 کلو میٹر فی گھنٹہ کی ہوائیں چل سکتی ہیں۔

سردار سرفراز نے کہا کہ سمندری طوفان بپر جوائے ابھی بھی موسلا دھار بارشیں دے سکتا ہے، بپر جوائے کا رخ صبح شمال مشرق کی جانب ہو سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مشرقی سندھ میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلاد ھار بارشوں کا امکان ہے، آئندہ 2 سے 3 دن تک کراچی میں تیز ہوائیں چلیں گے جبکہ شہر میں 15 اور 16 جون کو موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے۔