لاہور: چیف سیکریٹری پنجاب کے عہدے پر وزیر اعلیٰ اور وفاق میں رسہ کشی جاری ہے، کامران علی افضل کی چھٹی میں دوسری بار توسیع کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے چیف سیکریٹری کامران علی افضل کی چھٹی میں 30 روز کی توسیع کر دی ہے، ایڈیشنل چیف سیکریٹری عبداللہ خان سنبل قائم مقام چیف سیکریٹری پنجاب کے فرائض انجام دیں گے۔
پنجاب حکومت کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ عبداللہ خان سنبل 6 نومبر تک قائم مقام چیف سیکریٹری کے فرائض انجام دیں گے۔
واضح رہے کہ چیف سیکریٹری پنجاب کے معاملے پر وفاق اور پنجاب کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار ہے، پنجاب حکومت چیف سیکریٹری کامران علی افضل کو تبدیل کرنا چاہتی ہے، نئے چیف سیکریٹری پنجاب کی تعیناتی کے لیے 3 ناموں کا پینل بھی وفاق کو بھجوایا جا چکا ہے، تاہم اس کے باوجود نیا چیف سیکریٹری پنجاب تاحال تعینات نہیں ہوا ہے۔
چیف سیکریٹری پنجاب کے معاملے پر وفاق اور پنجاب کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار
چیف سیکریٹری پنجاب کامران علی افضل نے پہلے 14 روز کے لیے چھٹی کی درخواست دی تھی، چھٹی منظور ہونے پر پھر 7 روز کی چھٹی اپلائی کی تھی جو 7 اکتوبر کو مکمل ہو گئی تھی، تاہم وفاقی حکومت نے کامران علی افضل کو بطور چیف سیکریٹری پنجاب کام جاری رکھنے کا حکم دیا۔
پنجاب کے وزیر اعلیٰ آفس حکام نے کہا ہے کہ انھیں صوبے کے نئے چیف سیکریٹری کی تعیناتی پر وفاق کے فیصلے کا انتظار ہے۔ یاد رہے کہ 6 اگست کو کامران علی افضل نے پنجاب میں بطور چیف سیکریٹری کام کرنے سے انکار کیا تھا۔