غیر ملکیوں بالخصوص چینی باشندوں کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کا حکم

چیف سیکرٹری پنجاب

لاہور : چیف سیکرٹری پنجاب نے غیر ملکیوں بالخصوص چینی باشندوں کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ڈپٹی کمشنرز ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹیوں کے اجلاس کرکے رپورٹ بھجوائیں۔

تفصیلات کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت محرم الحرام سےمتعلق ویڈیو لنک اجلاس ہوا، اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ قومی یکجہتی،مذہبی ہم آہنگی کی فضا بر قرار رکھنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے، مجالس کیلئے مقررکردہ روٹس اور وقت کی پابندی کو یقینی بنایا جائے۔

چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی انتظامات کیلئے انتظامیہ پولیس کو مکمل معاونت فراہم کرے، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پلان تیار ہونا چاہئے۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے غیر ملکیوں کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ڈپٹی کمشنرز ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹیوں کے اجلاس کرکےرپورٹ بھجوائیں۔

اجلاس میں چیف سیکرٹری نے آٹے کی قیمت، طلب اور رسد پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اشیائےخورونوش کی مقررہ نرخوں پر فراہمی انتظامی افسران کی ذمہ داری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ذخیرہ شدہ گندم کو ضبط کر کے مارکیٹ میں فروخت کر دیاجائے۔