پی سی بی کے چیف سلیکٹر ہارون رشید نے کہا ہے کہ ہم سب پاکستان کی کرکٹ کو بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہیں اور ورلڈ کپ سے قبل 25، 30 کھلاڑیوں کا پول بنانا چاہتے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر ہارون رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ایس ایل پاکستان کا ایک بڑا برینڈ ہے، پی ایس ایل میں یاسر حمید، محمد سمیع اور میری کافی اہم ذمے داریاں ہیں اور ہم سب پاکستان کی کرکٹ کو بہتر بنانا چاہتے ہیں۔
ہارون رشید نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم کے ساتھ کھلاڑیوں کی صلاحیت پر بھی کام کر رہے ہیں۔ ورلڈ کپ سے قبل 25 سے 30 کھلاڑیوں کا پول بنانا چاہتے ہیں۔ کوشش ہوگی کہ پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی دکھانےوالوں پر نظررکھوں۔
انہوں نے کہا کہ ان کا کہنا تھا کہ کامران اکمل نے ہم سے مشورہ کیا اور پھر دستبردار ہوئے۔ پی ایس ایل کے بعد کامران اکمل سے متعلق سوچیں گے۔
محمد عامر کی قومی ٹیم میں شمولیت کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں چیف سلیکٹر نے کہا کہ محمد عامر پاکستان کے لیے خدمات پیش کرسکیں تو دروازے کھلے ہیں۔ بال ہمارے نہیں بلکہ عامر کے کورٹ میں ہے۔ صرف محمد عامر ہی نہیں بلکہ عماد وسیم اور شرجیل خان سے متعلق بھی سوچ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بابر اعظم بھی عمران خان کی طرح تاریخ رقم کرنے کے خواہشمند
ہارون رشید کا یہ بھی کہنا تھا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں اسکول کی سطح پر بہت ضروری ہیں۔ اسپورٹس کے بغیر تعلیم بھی مکمل نہیں۔ اس طرح کے ایونٹس کا انعقاد ضروری ہوتا ہے۔