چلاس میں دریا میں نامعلوم لاش بہہ کر آ گئی

چلاس سیلاب

گلگت: چلاس میں دریائے سندھ میں ایک نامعلوم خاتون کی لاش بہہ کر آئی ہے، جسے نکال لیا گیا ہے۔

ترجمان صوبائی حکومت کے مطابق چلاس میں دریائے سندھ میں ایک لاش بہہ کر آئی ہے، جو بابوسر شاہراہ میں بہنے والے سیاحوں میں سے کسی کی ہو سکتی ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں سیلابی تباہ کاریوں سے جاں بحق افراد کی تعداد 10 ہو گئی ہے، انتظامیہ اور دیگر ادارے بابوسر شاہراہ پر سرچ آپریشن میں بدستور مصروف ہیں۔

صوبائی حکومت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ گانچھے میں بھی ریسکیو آپریشن اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں، غذر اور گلگت کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں کی جا رہی ہیں، فیری میڈوز میں پھنسے بیش تر سیاحوں کو بہ حفاظت نکال لیا گیا ہے۔

چلاس دریائے سندھ سیاح خاتون کی لاش
چلاس دریائے سندھ سیاح خاتون کی لاش

فیض اللہ فراق کے مطابق باقی سیاحوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے، جب کہ شاہراہ قراقرم ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بحال کر دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان، کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا میں آج بارش کا امکان ہے، چترال، دیر، سوات، مانسہرہ، کرم اور وزیرستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

اسلام آباد سمیت خطہ پوٹھوہار میں موسم مرطوب اور جزوی ابر آلود ہے، پنجاب کے اضلاع میں آج شام یا رات کے وقت بارش ہو سکتی ہے، راولپنڈی، مری، گلیات، سیالکوٹ، لاہور اور نارووال میں بارش کا امکان ہے۔ ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، راجن پور اور تونسہ میں بارش متوقع ہے۔ جنوب مشرقی سندھ کے علاقوں کراچی، تھرپارکر، عمرکوٹ اوربدین کے ساتھ بلوچستان کے ژوب، خضدار، موسی خیل اوربارکھان میں بھی بارش کا امکان ہے۔