بچے کی پیدائش کے بعد نئی ماؤں کے لیے ڈائٹ پلان کیا ہونا چاہیے؟

ڈائٹ پلان

پہلی بار ماں بننے والی خواتین کیلیے انتہائی ضروری ہے کہ بچے کی پیدائش کے بعد ڈائٹ پلان میں غذائیت والی خوراک کا انتخاب کریں۔

ہر عورت کیلیے پہلی بار ماں بننے کا احساس انتہائی خوشگوار ہوتا ہے لیکن زچگی سے پہلے اور بعد میں ماں کو جو پیچیدگیاں اور طبی مسائل درپیش ہوتے ہیں ان پر قابو پانا بھی انتہائی ضروری ہے۔

اس حوالے سے اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں ڈاکٹر عائشہ نے خصوصاً پہلی بار ماں بننے والی خواتین کو صحت سے متعلق مفید مشورے دیے۔

انہوں نے بتایا کہ بچے کی پیدائش کے بعد نئی ماؤں کی صحت کے لیے ڈائٹ پلان میں اچھی خوراک اور بہترین غذائیت بہت اہمیت کی حامل ہے۔

حمل کے دوران ماں کئی پیچیدہ مراحل سے گزرتی ہے، بچے کی پیدائش کے بعد وہ جسمانی طور پر کافی کمزور ہو جاتی ہے، اس وقت ماں کو اپنے کھانے پینے پر کافی توجہ دینے کی ضرورت ہوتی ہے۔

ڈاکٹر عائشہ کا کہنا تھا کہ بچے کی پیدائش کا عمل عورت کو کافی حد تک کمزور کردیتا ہے اس کے بعد بچے کی دیکھ بھال کیلیے ماؤں کی نیند اور کھانے پینے کا شیڈول بھی متاثر ہوتا ہے جو ان کی صحت پر منفی اثرات مرتب کرتا ہے۔

انہوں نے نئی ماؤں کو ہدایت کی کہ اگر آپ کو کولڈ ڈرنکس، چاکلیٹ اور چائے کافی وغیرہ پینے کا شوق ہے جس میں کیفین کی زیادہ مقدار ہوتی ہے تو انہیں فوری طورپر روک دیں خاص طور پر جب تک آپ کا بچہ ماں کا دودھ پی رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب ماں صحت مند رہے گی، تو بچہ بھی صحت مند رہے گا اس کیلیے ضروری ہے کہ مائیں دودھ، دہی پھل اور گوشت کا استعمال لازمی کریں کیونکہ جو آپ کھائیں گی اس کا اثر بچے کی صحت پر لامحالہ پڑے گا۔