چین کون سے جدید ہتھیاروں کی نمائش کرنے والا ہے؟

چین کا جدید ہتھیاروں کی نمائش کا اعلان

بیجنگ (20 اگست 2025): چین اگلے ماہ دارالحکومت بیجنگ میں دوسری جنگ عظیم کے خاتمے کے 80 سال مکمل ہونے پر بڑی فوجی پریڈ کے دوران نئے جدید ہتھیاروں کی نمائش کرے گا جو پہلی بار دنیا کے سامنے رکھے جائیں گے۔

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق چینی فوجی حکام نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ فوجی پریڈ میں پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے سیکڑوں لڑاکا طیارے اور بمباروں کے ساتھ جدید ترین فوجی سازوسامان بھی شامل ہوگا۔

چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے بتایا کہ فوجی پریڈ اور مشترکہ اسلحہ سازی کا انعقاد اس انداز میں کیا جائے گا کہ جیسے حقیقی لڑائی ہو اور اس میں فضائی، زمینی اور سمندری فوج حصہ لے گی۔

گلوبل ٹائمز نے بتایا کہ فوجی پریڈ میں بنیادی طور پر فورتھ جنریشن کا فوجی سازوسامان شامل ہوگا جس میں جدید ٹینک، کیریئر بیسڈ جہاز اور لڑاکا طیارے شامل ہیں جو فوج کی جنگی صلاحیت کو ظاہر کرنے کیلیے آپریشنل ماڈیولز میں ترتیب دیے جائیں گے۔

مزید بتایا گیا کہ فوجی پریڈ میں نمائش کیلیے پیش کیے جانے والے تمام ہتھیار اور سازوسامان مقامی طور پر تیار کیے گئے ایکٹیو ڈیوٹی مین جنگی سازوسامان ہیں، یہ تقریب چینی فوج کے ہتھیاروں اور سازوسامان کی نئی قسم کی مرتکز نمائش کی نمائش کرتی ہے۔

3 ستمبر کی یہ تقریب 2015 کے بعد دوسری فوجی پریڈ ہوگی جو 1945 میں جاپانی افواج کے باضابطہ ہتھیار ڈالنے کے موقع پر ہوگی۔

غیر ملکی ملٹری اتاشی اور سکیورٹی تجزیہ کاروں نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ وہ توقع کر رہے ہیں کہ چین کی فوج پریڈ میں نئے ہتھیاروں اور آلات کی نمائش کرے گی جس میں ڈرون، نئے ٹینک اور چین کے طیارہ بردار بحری جہازوں کی حفاظت کیلیے آلات سے لیس فوجی ٹرک بھی شامل ہیں۔