بیجنگ (8 اگست 2025): چین نے اسرائیل کی جانب سے غزہ شہر پر مکمل قبضے کے منصوبے کے اعلان پر اپنے ردعمل کا اظہار کر دیا۔
اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق چین نے غزہ شہر پر قبضے کے منصوبے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر اپنے خطرناک اقدامات بند کرے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے جمعے کو جاری پیغام میں کہا کہ غزہ فلسطینی عوام کا ہے اور یہ فلسطینی سرزمین کا ناقابلِ تقسیم حصہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی آرمی چیف نے غزہ شہر پر مکمل قبضے کی مخالفت کر دی
چین نے کہا کہ غزہ میں انسانی بحران کو کم کرنے اور یرغمالیوں کی رہائی کو یقینی بنانے کا صحیح راستہ فوری جنگ بندی ہے۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ غزہ تنازع کا مکمل حل جنگ بندی پر منحصر ہے، تب ہی کشیدگی میں کمی کی راہ ہموار ہو سکتی ہے اور علاقائی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ وہ غزہ میں جلد اسرائیلی جنگ ختم کرنے میں مدد کیلیے بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلیے تیار ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر نے بیان میں کہا کہ اسرائیلی فوج نیتن یاہو کے تجویز کردہ اور ان کی سکیورٹی کابینہ کے ذریعے منظور کیے گئے منصوبے کے تحت غزہ پر قبضہ کر لے گی۔