چین نے دلائی لامہ سے ملاقات کرنے پر صدر جمہوریہ چیک سے تعلق ختم کر دیا

چین نے دلائی لامہ سے ملاقات کرنے پر صدر جمہوریہ چیک سے تعلق ختم کر دیا

بیجنگ (13 اگست 2025): چین نے دلائی لامہ سے ملاقات کرنے پر جمہوریہ چیک کے صدر پیٹر پاول کے ساتھ کسی بھی قسم کا تعلق ختم کرنے کے فیصلے کا اعلان کر دیا۔

اے پی پی کے مطابق سی ٹی جی این نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا کہ چند روز قبل جمہوریہ چیک کے صدر پیٹر پاول نے جاپان کا دورہ مکمل کر کے بھارت جا کر 14ویں دلائی لامہ سے ملاقات کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: دلائی لامہ کی جانشینی پر تنازع : چین کی بھارت کو سخت تنبیہ

منگل کو چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیئن نے بتایا کہ جمہوریہ چیک کے صدر پیٹر پاول نے چین کی بارہا سخت مخالفت کے باوجود دلائی لامہ سے ملاقات کیلیے بھارت جانے پر اصرار کیا۔

ترجمان کے مطابق اس طرح انہوں نے چیک حکومت کی جانب سے چینی حکومت سے کیے گئے سیاسی وعدوں کی سنگین خلاف ورزی کی اور چین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو نقصان پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ چین ان سے سخت عدم اطمینان کا اظہار کرتا ہے اور اس کی سختی سے مخالفت کرتا ہے، پیٹر پاول کے انتہائی اشتعال انگیز رویے کے جواب میں چین نے ان کے ساتھ کسی بھی رابطے میں شامل نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔