چین کا جنوبی سوڈان میں سیاسی عبوری عمل تیز کرنے پر زور

چین کا جنوبی سوڈان میں سیاسی عبوری عمل تیز کرنے پر زور

(19 اگست 2025): چین نے جنوبی سوڈان میں سیاسی عبوری عمل کو تیز کرنے کو ناگزیر قرار دے دیا۔

اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق چین کے نائب مستقل نمائندے سُن لی نے اقوام متحدہ میں کہا کہ جنوبی سوڈان میں سیاسی عبوری عمل کو فوری طور پر آگے بڑھانا ضروری ہے۔

سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سُن لی نے کہا کہ جنوبی سوڈان دنیا کا سب سے نیا ملک ہے اور اس کا سیاسی عمل راتوں رات مکمل نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے زور دیا کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتیں موجودہ امن معاہدے کے تحت طے شدہ انتظامات پر عمل درآمد تیز کریں اور مذاکرات کے ذریعے اختلافات ختم کرتے ہوئے سیاسی حل کو امن کا واحد راستہ سمجھیں۔

انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ اختلافات مذاکرات سے حل کریں اور امن معاہدے پر عمل درآمد تیز کریں۔

چینی مندوب نے عالمی برادری سے صبر و تحمل، علاقائی ثالثی کی حمایت اور جنوبی سوڈان کی خودمختاری کا احترام کرنے کی اپیل کی۔

انہوں نے اپر نائل ریاست میں بگڑتی صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے فوری جنگ بندی اور شہریوں کے تحفظ کا مطالبہ کیا۔

چین نے جنوبی سوڈان پر عائد غیر منصفانہ پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ بھی دہرایا۔

چینی مندوب نے کہا کہ سلامتی کونسل کو جنوبی سوڈان پر عائد غیر منصفانہ پابندیوں پر نظرثانی کرنی چاہیے اور جلد از جلد انہیں ختم کیا جانا چاہیے۔

سُن لی نے کہا کہ چین عالمی برادری کے ساتھ مل کر جنوبی سوڈان میں امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے فروغ کیلیے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔