چین پاکستان کو 2 ارب ڈالر دے گا: برطانوی اخبار

UAE

لندن: برطانوی اخبار کا دعویٰ ہے کہ چین پاکستان کو معاشی بحران کا شکار نہیں ہونے دینا چاہتا لہٰذا چین پاکستان کو 2 ارب ڈالر دے گا، امداد کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا گیا۔

برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز میں شائع رپورٹ کے مطابق چین پاکستان کو 2 ارب ڈالر دے گا، رقم زرمبادلہ ذخائر میں اضافے کا باعث بنے گی۔

برطانوی اخبار کا کہنا ہے کہ چین پاکستان کو معاشی بحران کا شکار نہیں ہونے دینا چاہتا۔ چین کی جانب سے اس مدد کا باقاعدہ اعلان نہیں ہوا۔

برطانوی اخبار کے مطابق پاکستان مالی بحران پر انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) سے بات چیت کر رہا ہے۔ آئی ایم ایف حکام سے مذاکرات دوبارہ جنوری کے آخر میں ہوں گے۔
سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے بھی مالی بحران میں مدد کی ہے۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے مسند اقتدار سنبھالنے کے بعد نومبر میں پہلا دورہ چین کیا تھا جس میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعاون کے 15 معاہدوں اور یادداشتوں پر دستخط کیے گئے تھے۔

ذرائع کے مطابق چین کی جانب سے ڈیڑھ ارب گرانٹ اور ڈیڑھ ارب قرضہ دیے جانے کا امکان ہے جبکہ سی پیک کے لیے 3 ارب ڈالر اضافی ملنے کا امکان ہے۔