چین: زلزلہ نہیں تو پھر کیا؟ 73 منزلہ عمارت پراسرار طور پر لرزنے لگی، لوگوں کی دوڑیں

بیجنگ: چین میں 73 منزلہ عمارت پراسرار طور پر اچانک لرزنے لگی جس کے باعث ہر طرف افراتفری مچ گئی، بلڈنگ کو خالی کرالیا گیا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ ناقابل یقین واقعہ چین کے شہر شین زین میں پیش آیا جہاں فلک بوس عمارت اچانک لرزنے لگی، پراسرار صورت حال کے باعث شہری اپنی جان بچانے کے لیے دوڑتے نظر آئے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بچے، بوڑھے مرد اور عورت سمیت ہر عمر کے افراد عمارت سے نکل کر بھاگ رہے ہیں۔

اس پراسرار واقعے کے کچھ دیر بعد بلند وبالا عمارت کو مکمل طور پر خالی کراکر تمام افراد کو محفوظ جگہ منتقل کردیا گیا، جس کی وجہ سے کسی قسم کا کوئی جانی نقصان پیش نہیں آیا۔

حیرت انگیز بات یہ ہے کہ چینی حکام کے مطابق شہر میں موجود زلزلے کی پیمائش کرنے والے اسٹیشنوں کے ڈیٹا سے پتہ چلا شہر میں کوئی زلزلہ نہیں آیا تھا۔

حکام نے بتایا کہ عمارت کے لرزنے کی وجوہات جاننے کی کوشش کررہے ہیں۔