چین پاکستان کی کرونا کے خلاف جنگ میں بھرپور مدد اور تعاون فراہم کرے گا،چینی سفیر

اسلام آباد: چینی سفیر یاؤجنگ کا کہنا ہے کہ چین پاکستان کی کرونا کے خلاف جنگ میں بھرپور مدد اور تعاون فراہم کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر چینی سفارت خانے کی جانب سے پیغام جاری کیا گیا ہے جس میں چینی سفیر یاؤ جنگ نے کہا کہ پاکستان اور چین دونوں ممالک سچے دوست اور اچھے بھائی ہیں۔

چینی سفیر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک نے ہر دور میں چاہے وہ روشن ہو یا مشکل ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین پاکستان کی کرونا کے خلاف جنگ میں بھرپور مدد اور تعاون فراہم کرے گا۔

چین میں کرونا وائرس سے لڑنے والی ٹیم پاکستان پہنچ گئی

دوسری جانب کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے چینی ڈاکٹروں پر مشتمل خصوصی ٹیم پاکستان پہنچ گئی ہے، چین کی ٹیم 2 ہفتے تک پاکستانی ڈاکٹرز کو تربیت دے گی۔

اس سے قبل گزشتہ روز چینی سفیر یاؤجنگ کا کہنا تھا کہ چینی قیادت ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھےگی، دونوں ممالک ترجیحی بنیادوں پر کرونا کے خاتمے کے لیے اقدامات کریں گے۔