چینی نائب وزیراعظم کا وزیراعظم ہاؤس آمد پر پُرتپاک استقبال

چینی نائب وزیراعظم

اسلام آباد : چینی نائب وزیراعظم ہی لیفنگ کا وزیراعظم ہاؤس آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا، چینی نائب وزیراعظم نے وفاقی وزرا سے مصافحہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے تین روزہ دورے پر موجود چین کے نائب وزیراعظم ہی لیفنگ وزیراعظم ہاؤس پہنچے تو وزیر اعظم شہبازشریف نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔

وزیراعظم شہبازشریف نےچین کے نائب وزیراعظم کو خوش آمدید کہا، وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری ، وزیر خزانہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال بھی معزز مہمان کے استقبال کے لئے موجود تھے۔

شہباز شریف نے چین کے نائب وزیراعظم کا وفاقی وزرا سے تعارف کرایا اور ہی لیفنگ نے وزرا اور کابینہ ارکان سے فرداً فرداً مصافحہ کیا، ہی لیفنگ کے ساتھ اعلیٰ سطح وفد بھی وزیراعظم ہاؤس پہنچا ہے۔

چینی نائب وزیراعظم اور وزیراعظم شئباز شریف کے مابین ون آن ون ملاقات ہوگی جبکہ چینی وفد اور پاکستانی حکام کے درمیان وفود لیول کی ملاقاتیں بھی ہوں گے۔

مہمان نائب وزیر اعظم اور ان وفد کے اعزاز میں وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ظہرانہ دیا جائے گا۔

جس کے بعد چینی نائب وزیر اعظم ایوان صدر بھی جائیں گے، ایوان صدر میں ان کو پاکستان کے اعلی ترین سول ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔

چینی نائب وزیر اعظم آج سی پیک کی دس سالہ تقریبات کے تحت کنونشن سنٹر میں منعقدہ تقریب میں بھی شرکت کریں گے، جس دوران سی پیک منصوبوں پر کام کرنے والی چینی کمپنیوں کو ایوارڈ دئیے جائیں گے۔

گذشتہ روز چینی صدر شی جن پنگ کے خصوصی نمائندے اور نائب وزیراعظم ہی لائفننگ تین روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچے تھے ، جہاں ان کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا تھا، دورہ پاک چین تعلقات اور سی پیک کے حوالے سے تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔