اگر آپ صبح سویرے اٹھنے کے عادی نہ ہوں تو یقیناً کسی کے چیخنے چلانے کی آواز آپ کو گراں گزرے گی اور آپ چاہیں گے یہ آواز دوبارہ نہ سنیں۔
تاہم چین میں ایک خاتون جو روزانہ صبح 6 بجے چیختی چلاتی ہے اس سے قرب و جوار میں رہنے والے لوگ اس قدر عاجز ہیں کہ اس کی آواز سننا پسند نہیں کرتے۔
صوبہ انہوئی سے تعلق رکھنے والے چانگ نامی سوشل میڈیا صارف نے چینی سوشل میڈیا پر تقریباً 2 ہفتوں تک لگاتار ایک خاتون کی روزمرہ کے معمول کی ویڈیو شیئر کی۔
چانگ نامی صارف کے مطابق ویڈیو میں دکھائی دینے والی خاتون گزشتہ برس اکتوبر سے روزانہ صبح 6 بجے محلے کی مختلف گلیوں میں اپنی بائیک پر چکر لگاتی ہے اور اپنے پھیپھڑوں کو مضبوط بنانے اور ان کی صلاحیت کو بڑھانے کی خاطر اونچی آواز میں چلاتی ہے۔
چانگ کے مطابق اس خاتون کی زوردار چیخ پورے محلے میں باآسانی سنی جاسکتی ہے، اس سےروزمرہ کے معمول سے ارد گرد کے تمام لوگ پریشان ہیں، انہوں نے مذکورہ خاتون کو ’ہیومن الارم کلاک‘ کا لقب دیا ہے۔
چانگ کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر چینی سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی مذکورہ ویڈیوز خوب وائرل ہو رہی ہے ، ان ویڈیوز کو اب تک 70 ہزار سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین اس پر دلچسپ تبصرے بھی کررہے ہیں۔