زویا سے منگنی ٹوٹنے کے بعد کرسٹن نے ایک اور پوسٹ شیئر کردی

جرمن وی لاگر کرسٹن بیٹزمین نے سابقہ منگیتر زویا ناصر کے ہمراہ اپنی آخری پوسٹ شیئر کرتے ہوئے ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

جرمن وی لاگر کرسٹن بیٹزمین نے انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نے آپ کے ساتھ گزشتہ ڈیڑھ برس حیرت انگیز طور پر بہترین گزارا ہے، میں اسے اپنی زندگی میں کبھی نہیں بھلا پاؤں گا۔

کرسٹن بیٹزمین نے لکھا کہ بدقسمتی سے ہم دونوں زندگی کے بارے میں مختلف نظریات رکھتے ہیں اور ایک مختلف مستقبل چاہتے ہیں۔

جرمن وی لاگر نے زویا کی آنے والی زندگی کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

انہوں نے لکھا کہ ’آپ نے ایک ساتھ اور دو الگ افراد کی حیثیت سے آگے بڑھتے ہوئے جس محبت سے نوازا اس کا شکر گزار ہوں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں زویا ناصر نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر جاری کیے گئے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ میں بہت ہی دکھ کے ساتھ یہ اعلان کررہی ہوں کہ میرا اور کرسٹن بیٹزمین سے اب مزید کوئی تعلق نہیں ہے۔

اس سے قبل بیٹزمین نے انسٹاگرام اسٹوریز کے ذریعے وضاحت کی ہےاور کہا کہ میں کسی سے معافی نہیں مانگ رہا ہوں۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے مذہب اور نہ ہی پاکستان مخالف بات کی ہے۔

بیٹز مین کا کہنا تھاکہ میں ہمیشہ سے اپنے فلسطینی اور مسلمان بھائیوں کے ساتھ رہا ہوں اور کبھی بھی اسرائیل کی حمایت نہیں کی ہے۔