امریکا میں کرسمس ٹری روشن کرنے کی تقریب، خاتون کو فلسطین سے اظہار یکجہتی پر باہر نکالا گیا

واشنگٹن: امریکا میں کرسمس ٹری روشن کرنے کی تقریب سے ایک خاتون کو فلسطین سے اظہار یکجہتی کے ’جرم‘ پر باہر نکالا گیا۔

تفصیلات کے مطابق منگل کو امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں کرسمس ٹری روشن کرنے کی تقریب میں فلسطین سے یکجہتی کا اظہار کرنے والی خاتون کو پولیس نے باہر نکال دیا۔

اس سلسلے میں سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہلکار ایک خاتون کے ہاتھ پیچھے باندھ کر اسے حراست میں بھی لے رہے ہیں۔

دنیا بھر میں کرسمس کی آمد ہے، امریکا میں بھی کرسمس کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے، اور کیپیٹل ہل کے مرکز میں نصب کرسمس ٹری برقی قمقموں سے جگمگا اٹھا، یہاں یہ روایت 50 سال سے زائد عرصے سے جاری ہے۔

امریکی ایوان نمائندگان کے اسپیکر مائیک جانسن نے واشنگٹن میں خصوصی تقریب میں برقی قمقموں سے مزین کرسمس ٹری روشن کرتے ہوئے امریکی عوام کو کرسمس کی مبارک باد پیش کی۔

کیپیٹل ہل پر ایستادہ ’پیپلز ٹری‘ کے لیے اس سال ناروے کے 63 فٹ طویل سفیدے کے درخت کا انتخاب کیا گیا، جسے مغربی ورجینیا کے مونونگھیلا نیشنل فارسٹ لایا گیا، اور اسے سجانے کے لیے 5 ہزار سے زیادہ ایل ای ڈی بلبوں اور 5 ہزار سے زائد زرق برق اشیا سے کام لیا گیا۔