سائفر گمشدگی کا معاملہ ، حکومت نے اہم فیصلہ کرلیا

سائفرگمشدگی

اسلام آباد : حکومت نے سائفرگمشدگی کے معاملے پر خصوصی پراسیکیوٹرزٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کرلیا، ایف آئی اے کی جانب سے خصوصی پراسیکیوٹرز ٹیم کی سفارش کی گئی تھی۔

تفصیلات کے مطابق سائفرگمشدگی کے معاملے پر حکومت نے خصوصی پراسیکیوٹرز ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کرلیا ، ذرائع نے بتایا کہ ٹیم میں ایڈووکیٹ شاہ خاور،رضوان عباسی اور ذوالفقار نقوی شامل ہوں گے۔

سرکاری ذرائع کا کہنا تھا کہ خصوصی پراسیکیوشن ٹیم کیلئےوزارت داخلہ نےسمری وزارت قانون کوبھجوائی، ایف آئی اے کی جانب سے خصوصی پراسیکیوٹرزٹیم کی سفارش کی گئی۔

یاد رہے سائفر گمشدگی پر ایف آئی اے نے چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے، مقدمہ سائفر معاملے پر بنائی گئی جے آئی ٹی کی سفارش پر درج کیا گیا تھا۔

جس نے تحقیقات کے لیے دو بار چیئرمین پی ٹی آئی کو طلب کیا تھا لیکن وہ ایک بار ہی پیش ہوئے تھے جس کے بعد جے آئی ٹی نے اپنی حتمی رپورٹ بنا کر متعلقہ حکام کو بھیج دی تھی جس میں فوری طور پر مقدمہ درج کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ اس مقدمے کی تفتیش کے لیے اسی جے آئی ٹی کو نامزد کیا گیا ہے جو پہلے سے اس کیس کے حوالے سے تفتیش کر رہی تھی۔

واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی گزشتہ ماہ 25 جولائی کو سائفر معاملے پر جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے تھے اور ان سے دو گھنٹے پوچھ گچھ کی گئی تھی۔