سائفر گمشدگی معاملہ، چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف مقدمہ درج

سائفر گمشدگی معاملے پر ایف آئی اے کے انسداد دہشتگردی ونگ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سائفر گمشدگی معاملے پر اہم پیش رفت ہوئی ہے اور فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ یہ مقدمہ گزشتہ روز ایف آئی اے کے انسداد دہشتگردی ونگ میں سنگین دفعات کے تحت درج کر لیا گیا ہے۔

یہ مقدمہ سائفر معاملے پر بنائی گئی جے آئی ٹی کی سفارش پر درج کیا گیا ہے جس نے تحقیقات کے لیے دو بار چیئرمین پی ٹی آئی کو طلب کیا تھا لیکن وہ ایک بار ہی پیش ہوئے تھے جس کے بعد جے آئی ٹی نے اپنی حتمی رپورٹ بنا کر متعلقہ حکام کو بھیج دی تھی جس میں فوری طور پر مقدمہ درج کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس مقدمے کی تفتیش کے لیے اسی جے آئی ٹی کو نامزد کیا گیا ہے جو پہلے سے اس کیس کے حوالے سے تفتیش کر رہی تھی۔

واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی گزشتہ ماہ 25 جولائی کو سائفر معاملے پر جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے تھے اور ان سے دو گھنٹے پوچھ گچھ کی گئی تھی۔

سائفر تحقیقات: جے آئی ٹی نے چیئرمین پی ٹی آئی سے کیا سوالات کیے؟

اس تحقیقات کے دوران جے آئی ٹی نے سابق وزیر اعظم سے اعظم خان کے بیان پر سوالات کیے تھے جبکہ ان سے سائفر اور آڈیو لیک سے متعلق بھی پوچھا گیا تھا۔

 

اس سے قبل شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور فواد چوہدری بھی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہو چکے ہیں۔