کراچی میں شہری نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی اور فائرنگ کر کے ڈاکوؤں کو بھاگنے پر مجبور کر دیا۔
ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں روز متعدد اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں ہوتی ہیں۔ ان وارداتوں میں شہری اپنی قیمتی چیزیں کھو دیتے ہیں اور بعض واقعات میں ڈاکو ان کی جان لینے سے بھی گریز نہیں کرتے۔
تاہم اب ایک ایسی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی ہے جس میں شہری کو بہادری سے ڈاکوؤں کا مقابلہ کرتے اور پھر انہیں ناکام وہاں سے بھاگتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
یہ واقعہ کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 2 میں پیش آیا۔ بینک سے رقم نکلوا کر شہری جب اپنے گھر پہنچا تو اس کا بینک سے تعاقب کرنے والے ڈاکو بھی وہاں پہنچ گئے۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈاکوؤں نے منہ پر نقاب لگا رکھے ہیں اور اسلحہ کے زور پر شہری سے بینک سے نکلوائی گئی رقم دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ تاہم شہری مزاحمت کرتا ہوا پیچھے ہٹتا ہے اور پھر اپنا پستول نکال کر ڈاکو پر فائرنگ کرتا ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں شہری اور ڈاکوؤں کو ایک دوسرے پر فائرنگ کرتے دکھایا گیا ہے۔ گولی سے کسی طرف کا کوئی نقصان نہیں ہوا اور واردات ناکام ہونے پر ڈاکوؤں نے وہاں سے فرار ہونے میں عافیت جانی۔
اس واردات کے حوالے سے گلستان جوہر پولیس کا کہنا ہے کہ شہری نے تاحال اس واقعہ کی رپورٹ درج نہیں کرائی ہے۔