اسرائیلی فوج کی بمباری، شہری دفاع کے ڈپٹی ڈائریکٹر اہل خانہ سمیت شہید

غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے کئے فضائی حملوں میں شہری دفاع کے ڈپٹی ڈائریکٹر شہید ہوگئے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق غزہ سول ڈیفنس کے ترجمان کا تصدیق کرتے ہوئے کہنا تھا کہ غزہ سول ڈیفنس کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد عبدالحیی مرسی جبالیا میں اسرائیلی بمباری میں جام شہادت نوش کرگئے۔

سول ڈیفنس کے ترجمان کے مطابق اسرائیلی فوج نے سول ڈیفنس کے ڈپٹی ڈائریکٹر کے گھر پر بمباری کی، حملے میں ان کے اہل خانہ بھی شہادت کے رتبے پر فائز ہوگئے۔

ترجمان نے بتایا کہ سول ڈیفنس کے 83 اہلکار اب تک اسرائیلی حملوں میں شہید جبکہ 200 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

دوسری جانب اسرائیل کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر بھی بمباری کی گئی ہے۔

عرب میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے جنوبی لبنان میں کئے گئے حملے کے نتیجے میں طبی عملے کے 3 اہلکار ہلاک ہوگئے، جس کے بعد صورتِ حال کشیدہ ہو گئی۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل کے علاقے کریات شمعون کی 2 بستیوں کو نشانہ بنایا۔

اسرائیلی فوج کے شام پر فضائی حملے، متعدد ہلاک و زخمی

حزب اللہ کے مطابق اسرائیلی بستیوں پر حملہ جنوبی لبنان میں حملے کے جواب میں کیا گیا ہے۔