میں نے کبھی کسی کے کہنے پر اپنا فیصلہ تبدیل نہیں کیا ، چیف جسٹس محمد امیر بھٹی

چیف جسٹس محمد امیر بھٹی

لاہور : چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد امیر بھٹی کا کہنا ہے کہ میں نے کبھی کسی کے کہنے پر اپنا فیصلہ تبدیل نہیں کیا، کیونکہ ایک دفعہ کردار پر لگا ہوا داغ صاف نہیں ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق نئے منتخب ایڈیشنل سیشن ججز اور سول ججز کی تقریب حلف برداری منعقد ہوئی ، جس میں نئے منتخب ہونیوالےسول ججز اور ایڈیشنل سیشن ججز نے حلف اٹھا لیا۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد امیر بھٹی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی انصاف کرنے والے لوگوں کوچنتا ہے، جج کے نام کیساتھ عزت و احترام ہمیشہ منسلک رہتا ہے۔

محمد امیر بھٹی کا کہنا تھا کہ عزت واحترام ہمیں فیصلوں کی بدولت برقرار رکھنا ہوتا ہے، ہم فیصلوں کے بارے میں اللہ کے حضور جواب دہ ہیں، جج ہوناکوئی نوکری نہیں بلکہ یہ آزمائش اور امتحان ہے۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے کہا کہ آپ سب کو اپنے منصب کی حفاظت کرنی ہے، ایک دفعہ کردار پر لگا ہوا داغ صاف نہیں ہوگا، میں نے کبھی کسی کے کہنے پر اپنا فیصلہ تبدیل نہیں کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پروردگار کی ناراضگی کو کبھی دعوت نہ دینا، اللہ کی رضا ،نیک نیتی کے ساتھ انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔