ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کا معاملہ، سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں مقدمات کی سماعت کیلئے تشکیل بینچ تحلیل

لاہور: چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کے معاملہ کے باعث سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں مقدمات کی سماعت کیلئے تشکیل بینچ تحلیل کردیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق جسٹس منیب اختر اور جسٹس عائشہ ملک پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں مقدمات کی سماعت کرنا تھی، تاہم ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست مزاری کی رولنگ کے معاملے کے باعث چیف جسٹس عمر عطابندیال نے اس بینچ کو تحلیل کردیا ہے۔

رجسٹری میں جسٹس منیب اختر نے 25 سے 29 جولائی تک لاہور رجسٹری میں مقدمات کی سماعت کرنا تھی، تاہم اب چیف جسٹس نے ڈپٹی اسپیکر رولنگ کے معاملے پر سماعت کیلئے جسٹس منیب اختر کو اسلام آباد پرنسپل سیٹ پر بلالیا ہے۔

خیال رہے کہ چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ پیر کو اسلام آباد میں ڈپٹی اسپیکر رولنگ معاملے کی سماعت کریگا، 3 رکنی بینچ میں جسٹس اعجاز الااحسن اور جسٹس منیب اختر شامل ہیں۔

خیال ہے کہ ڈپٹی اسپیکر پنجاب کے وکیل کی عدم تیاری پر سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کرتے ہوئے وزیر اعلی ٰحمزہ شہباز کا یکم جولائی کا اسٹیٹس بحال کیا۔ عدالت نے کہا کہ حمزہ شہباز کیس کے فیصلے تک ایک ٹرسٹی کے طور پر کام کرینگے۔

سپریم کورٹ نے ڈپٹی اسپیکر اور پنجاب حکومت کو اپنا تفصیلی و تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔