چکوال میں کلاؤڈ برسٹ ، 425 ملی میٹر بارش ریکارڈ ،نظام زندگی مفلوج

چکوال میں کلاؤڈ برسٹ

چکوال : پنجاب کے شہر چکوال میں کلاؤڈ برسٹ سے 425 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ، جس سے نظام زندگی مفلوج ہوگیا تاہم فلڈایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مون سون کی طوفانی بارش نے جہلم اورچکوال میں تباہی پھیلادی، درجنوں دیہات زیرآب آگئے۔

چکوال میں کلاؤڈ برسٹ ہونے سے چار سو پچیس ملی میٹر بارش ہوئی، جس سے تلہ گنگ، لاوہ، کلر کہار، چوآسیدن شاہ میں نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا۔

بارش کے بعد مختلف علاقوں میں طغیانی آگئی، شہر اور گردونواح کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ متعدد دیہات کا زمینی رابطہ ضلعی ہیڈ کوارٹرز سے منقطع ہوگیا۔

کلر کہار ، وہالی زیر میں 325 اور چو آسیدن شاہ میں 310 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔

ندی نالوں میں طغیانی سے پنوال ڈیم کا بند ٹوٹ گیا ، جس سے بھٹہ خشت زیرآب آگیا جبکہ گاڑیاں بہہ گئیں تاہم دو افراد کو ریسکیو کر لیاگیا جبکہ ایک کی تلاش جاری ہے۔

قصبہ کھیوال میں مکان گرنے سے باپ بیٹا جاں بحق جبکہ بیوی اور دوسرا بچہ زخمی ہو گئے، جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

شدید بارش سے ڈوہمن پل بند، کئی دیہات کا چکوال شہر سے رابطہ منقطع ہوگیا اور رابطہ سڑکیں تباہ ہو گئیں۔

ڈپٹی کمشنر سارہ حیات نے چکوال اور تلہ گنگ میں فلڈایمرجنسی نافذ کردی اور تمام محکموں کے سربراہان کو 24 گھنٹے دستیاب رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں فوری ریلیف یقینی بنایا جائے۔

انتظامیہ نے پاک فوج کی مدد طلب کر لی ہے، ریسکیو سرگرمیاں جاری ہیں، محکمہ موسمیات نے مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاط کی ہدایت دی گئی ہے۔

دوسری جانب جہلم کےنالہ گھان میں طغیانی سے پانی آبادی میں داخل ہوگیا ، جس کے بعد پاک فوج کے جوانوں کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور ہیلی کاپٹر سے ریلے میں پھنسےانتیس افراد کو بچالیا گیا۔