بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں پھر بادل پھٹنے سے تباہی، متعدد خاندان ملبے تلے دب گئے

بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں پھر بادل پھٹنے سے تباہی، متعدد خاندان ملبے تلے دب گئے

اتراکھنڈ : بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں ایک بار پھر بادل پھٹنے سے شدید بارشوں نے تباہی مچادی، واقعے میں متعدد خاندان ملبے تلے دب گئے جبکہ کئی افراد زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست اتراکھنڈ اور مقبوضہ کشمیر میں بادل پھٹنے اور مسلسل بارشوں نے شدید تباہی مچا دی، اتراکھنڈ میں بادل پھٹنے کے نتیجے میں متعدد خاندان ملبے تلے دب گئے جبکہ کئی افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

شدید بارشوں کے باعث ضلع رودرپریاگ اور چمولی میں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی اور دریاؤں میں طغیانی آگئی ، جس کے باعث رودرپریاگ اور منداکنی دریاؤں کا پانی خطرے کے نشان سے اوپر پہنچ گیا۔

کیدارناتھ ویلی میں طوفانی ریلہ ایک پل بھی بہا لے گیا جس سے آمدورفت مکمل طور پر معطل ہوگئی۔

محکمہ موسمیات نے اتراکھنڈ کے مختلف علاقوں کے لیے آج بھی شدید بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔

دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں ایک ہفتے سے جاری مسلسل بارشوں اور فلیش فلڈز نے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلا دی ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فلیش فلڈز، لینڈ سلائیڈنگ اور کلاؤڈ برسٹ کے باعث اب تک 110 سے زائد افراد جاں بحق اور ہزاروں بے گھر ہو چکے ہیں۔

مقبوضہ وادی کے اضلاع جموں، سانبہ، ریاسی، ڈوڈہ اور کشتواڑ میں دریاؤں اور نالوں کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی ہے۔ پچاس دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ہے جبکہ تعلیمی ادارے 31 اگست تک بند کر دیے گئے ہیں۔

ماہرین کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ مزید جاری رہنے کا خدشہ ہے جس سے نقصانات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے