ناران : جھیل سیف الملوک روڈ پر کلاؤڈ برسٹ سے تودہ گرنے سے پھنسے سیکڑوں سیاحوں اور گاڑیوں کو ریسکیو کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جھیل سیف الملوک کے اطراف کلاؤڈ برسٹ سے تودہ گرگیا، طوفانی بارشوں کے بعد لینڈسلائیڈنگ سے راستے بند ہوگئے۔
جس کے باعث 117 گاڑیوں میں 500 سے زائد سیاح پھنس گئے، سیکریٹری سیاحت کے پی ڈاکٹرعبد الصمدخان نے نوٹس لیا۔
سیکریٹری سیاحت کی فوری ہدایت پرریسکیو آپریشن شروع کیا گیا، ریسکیو اہلکار،مقامی رضاکار اورانتظامیہ نے بھاری مشینری کے ساتھ کارروائی کی اور ناران کے مختلف علاقوں میں پھنسے سیکڑوں سیاحوں اورگاڑیوں کو آٹھ گھنٹے بعد ریسکیو کرلیا گیا۔
یاد رہے سیلاب نے گلگت بلتستان کا نقشہ ہی اجاڑدیا، درجنوں گھر زمین بوس ہوگئے، سڑکوں کا تو وجود ہی غائب ہوگیا، اب تک نو افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ بارہ افراد لاپتا ہیں۔
گمشدہ افراد کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے، چیف سیکریٹری گلگلت بلتستان نےبتایا سیلاب سےحادثات میں نو اموات میں سےآٹھ کا تعلق دیامر سے ہے جبکہ سیلابی ریلے سے پانچ سو سے زیادہ مکان، بارہ کلومیٹر سے زائد سڑکیں تباہ ہوئیں جبکہ ستائیس پُل اوربائیس گاڑیاں آبی ریلے میں بہہ گئیں۔ سب سے زیادہ جانی و مالی نقصان ضلع دیامر میں ہوا۔
پاک فضائیہ نے گلگت بلتستان میں شدید موسمی حالات کے دوران ریسکیو مشن مکمل کرلیا،سی ون تھرٹی طیارے نے گلگت میں پھنسے سیاح اور مقامی افراد سمیت ایک سو پچیس لوگوں کی جان بچائی۔
کل سے ایک بار پھر آندھی، ژالہ باری، لینڈسلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے، جس کے بعد ہدایت جاری کی ہے کہ عوام غیر ضروری سفر سے گریز، ندی نالوں اور پہاڑی علاقوں سے دور رہیں۔