وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے نئے صوبوں کی بھی حمایت کردی

علی امین گنڈاپور

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کالا باغ ڈیم کے بعد نئے صوبوں کی بھی حمایت کردی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ چھوٹے صوبے ہوں گے تو گورننس بہترین ہوگی، دنیا بھر کے ممالک میں چھوٹے یونٹس بنتے ہیں، پاکستان واحد ملک ہے جو بڑی آبادی کے ساتھ 4 صوبوں پر مشتمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں سیاست پر ریاست کو ترجیح دینا کا حامی ہوں۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں صرف اے این پی کو کالا باغ ڈیم پر اختلاف ہے، جو کہتے ہیں ہماری لاشوں پر کالا باغ ڈیم بنے گا وہ سیاست کررہے ہیں۔

گزشتہ روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کالاباغ ڈیم کی کھل کر حمایت کی تھی۔

وزیراعلیٰ نے کہا تھا کہ سیاست کر رہا ہوں نہ صوبائیت میں جا رہا ہوں پورے پاکستان کے فائدے کو پیچھے نہیں دھکیلا جا سکتا، پاکستان کے مستقبل کیلئے سب کو مطمئن کر کے کالاباغ ڈیم بنائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور آئندہ نسلوں کیلئے کالاباغ ڈیم بنانا ہو گا کیونکہ کالاباغ ڈیم پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی ہے، تحفظات کی وجہ سے ریڑھ کی ہڈی ٹھیک نہ کرنا زیادتی ہے، کالاباغ ڈیم نئےمقام پربننےسےنوشہرہ نہیں ڈوبےگا میں نے وزیراعظم سے بات کی ہے وہ کالاباغ ڈیم پر متفق تھے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پورے خیبرپختونخوا میں ایک بھی اسنائپر رائفل نہیں ہے کسی تھانے اور افسر کے پاس بلٹ پروف گاڑی موجود نہیں ہمیں پولیس پر سرمایہ کاری کرنا ہو گی، 92 افسروں کی کمی ہے وفاق سے افسران دینے کا مطالبہ کیا ہے۔