پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا کہنا ہے کہ اس ملک میں وہی لوگ اقتدار میں آئے جنہوں نے ملک کو لوٹا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا کہ ترک صدرطیب اردوان نے کھل کر باتیں کی، عوام اور صوبے کی طرف سے طیب اردوان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
محمود خان نے کہا کہ عالمی رہنما عمران خان کی وجہ سے پاکستان آ رہے ہیں، ایسا ایماندار لیڈر تاریخ میں نہیں آیا اور نہ آئےگا، عمران خان نے اقوام متحدہ میں آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ خود چوری کرتے ہیں اورانگلی ہماری طرف اٹھاتے ہیں، اس ملک میں وہی لوگ اقتدار میں آئے جنہوں نے ملک کو لوٹا۔
انہوں نے کہا کہ کچھ مہینے میں سخت حالات گزر جائیں گے،یہ ملک اور صوبہ اپنے پاؤں پر کھڑا ہوگا، ملک کو ایسے مقام پر چھوڑیں گے کہ مستقبل کی نسل فخر کرےگی، صوبے میں نئے اسکول اور کالج کھولے جائیں گے۔
محمود خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سے جب بھی ملتا ہوں کہتے ہیں غریب کے لیےسوچو، عوام کی بہتری اور آسانی کے لیے قانون سازی کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہفتے میں دو دن عوام کو کال کروں گا، عوام سے پولیس اور پٹواری کے بارے میں پوچھوں گا۔