لاہور : وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے عید میلاد النبیﷺ پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی زیرصدارت امن وامان سے متعلق امور کا جائزہ اجلاس ہوا ، جس میں انھوں نے عید میلاد النبیﷺ پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت کی۔
مریم نواز نے پولیس افسران کو علما کرام کے پاس خود جاکر ملنے کی ہدایت کرتے ہوئے صوبائی سرحدی چوکیوں کی تعدادبڑھانےکی تجویز کی منظوری دے دی۔
اجلاس مین پولیس اہلکاروں کو اے پی سی، بلٹ پروف گاڑیاں ،جیکٹیں فوری دینے اور سرحدی پوسٹوں پرتعینات پولیس اہلکاروں کی خصوصی ٹریننگ کرانےکی ہدایت بھی کی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ بارڈرسیکیورٹی چیک پوسٹوں کومزید مضبوط اوربہتربنایاجائے ساتھ ہی بارڈرملٹری پولیس کی تشکیل نو اور جدید ٹریننگ کی جائے۔
اجلاس میں ڈیوٹی پر موجود پولیس فورس کو باڈی کیم لگانے کا فیصلہ کیا گیا ، وزیراعلیٰ پنجاب نے ناجائز اسلحہ کے خاتمے کے لئے مہم مزید تیز کرنےکی ہدایت کرتے ہوئے آن ڈیوٹی اہلکاروں کے سوشل میڈیا اور کیمرے کے استعمال کرنے پر پابندی عائد کردی۔
انھوں نے کہا کہ پنجاب کےعوام کے جان ومال کا تحفظ اولین ذمہ داری ہے، عوام کےتحفظ کے لئے جو کچھ بھی کرنا پڑا ضرور کیا جائے گا اور پنجاب جرائم پیشہ اورسماج دشمن عناصر کے خلاف بلا امتیازکاررائی کی جائے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پولیس چیک پوسٹوں پرحملہ آوروں کو ایساجواب دیں کہ دوبارہ حملہ نہ کریں،مریم نواز پولیس چیک پوسٹوں کے درمیان پیٹرولنگ کاانتظام کیا جائے۔
اجلاس میں پولیس کوایک ارب روپے کی گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی۔