مریم نواز کا کسانوں کے لیے بڑا اعلان

مریم نواز

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کسانوں کے لیے بڑا اعلان کردیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مختلف اضلاع کے ارکان اسمبلی نے ملاقات کی اور ضمنی الیکشن میں ن لیگ کی کامیابی پر انہیں مبارک باد پیش کی۔

مریم نواز نے کہا کہ کسانوں کے لیے 400 ارب روپے کا پیکیج لارہے ہیں، نواز شریف کسان کارڈ کے اجرا سے کسانوں کو سہولت ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو سستا آٹا اور روٹی فراہم کررہے ہیں، کاشتکاروں کی فلاح سب سے زیادہ عزیز ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اپنی چھت اپنا گھر پراجیکٹ کے لیے 6 شہروں کی زمین کی نشاندہی ہوچکی ہے جبکہ لاہور کے پانچ علاقوں میں فری وائی فائی سروس کا آغاز کردیا ہے، دیگر شہروں میں بھی فری وائی فائی سروس جلد شروع کی جائے گی۔

علاوہ ازیں ارکان اسمبلی نے مریم نواز سے کہا کہ آپ نے قلیل عرصے میں عوامی فلاحی منصوبے شروع کیے ہیں، لوگوں کو آپ سے بہت امیدیں ہیں۔

واضح رہے کہ کسان اتحاد پنجاب حکومت کے خلاف کئی دنوں سے سراپا احتجاج ہیں۔