لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کل شام تک جے آئی ٹی کی رپورٹ سامنے آجائے گی، جس کی روشنی میں اقدامات کیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، جس میں ساہیوال واقعے کی شدید مذمت کی گئی۔
اس موقع پر واقعے میں جاں بحق فیملی کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت غم زدہ خاندان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے، بچوں کی کفالت کی ذمہ داری پنجاب حکومت نبھائے گی، ان کے تعلیمی اخراجات بھی پنجاب حکومت برداشت کرے گی۔
سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندان کی ہر ضرورت کو پورا کریں گے، مشترکہ تحقیقاتی ٹیم واقعہ کی انکوائری کررہی ہے، کل شام تک رپورٹ سامنے آجائے گی، انصاف نہ صرف ہوگا بلکہ ہوتا ہوا نظر بھی آئے گا۔
مزید پڑھیں:“مجھے مت مارو! میں دہشت گرد نہیں ہوں” ساہیوال واقعے کے بعدگاڑیوں پر علامتی پوسٹرز آویزاں
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ متاثرہ خاندان کو انصاف دلانا ہماری ذمہ داری اور فرض ہے، انصاف کرکے دکھائیں گے۔
قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ساہیوال واقعےکی تحقیقات کے لئےجےآئی ٹی کو72گھنٹےدیے ہیں،کسی کوایسےہی اٹھاکرپھانسی پرنہیں لٹکا سکتے۔
یاد رہے کہ 19 جنوری کو ساہیوال میں سیکیورٹی اہل کاروں کی جانب سے ہائی وے پر ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جس میں چار افراد ہلاک ہوئے۔