جامشورو: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ن لیگ حکومت کے ساتھ اتحاد میں نہیں لیکن ان کی حمایت کرتے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنی رہائشگاہ واہڑ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسائل پر اظہار رائے کرنا جہوریت کا حسن ہیں، ن لیگ سے پیپلزپارٹی کا کوئی اختلاف نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 9 مئی کا واقعہ کیا، پتہ نہیں ان کی کیا دوریاں ہوئیں، اس واقعے کی وجہ سے پوری دنیا میں بدنامی ہوئی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو سے ملاقات ہوئی، انہوں نے ہدایت کی کہ عید کے بعد سندھ کے ہر ضلع کے دورے کروں، سندھ کے عوام نے پیپلزپارٹی کا ساتھ دیا ہے ان کی خدمت کریں گے۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی کوشش ہے لوگوں کی امیدوں پر پورا اتریں، مہنگائی اور بیروزگاری سے تنگ عوام کو سہولتیں فراہم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں امن و امان کی صورتحال نگراں دور میں زیادہ خراب ہوئی، ہماری 15 سال سے سندھ میں حکومت ہے کچے میں بھی حالات ہم نے بہتر کیے، 2023 میں انتخابات کے دوران کچے کے حالات خراب ہوئے۔