"اگر 100 ملی میٹر بارش کے نکاسی کا نظام بنانا ہے تو شہر پھر کھودنا ہوگا”

مراد علی شاہ

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ اگر 100 ملی میٹر کی بارش کے نکاسی کا نظام بنانا ہے تو شہر کو پھر کھودنا ہوگا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے بلدیاتی ادارے، پولیس اور انتظامیہ شہر میں کام کرتے نظر آرہی ہے، کراچی کے نکاسی آب کا نظام اتنی بھاری بارش کے لیے ڈیزائن نہیں ہوا۔

مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ بھارت کے شہر ممبئی میں ہمیشہ کراچی سے زیادہ بارش ہوتی ہے وہ بھی ڈوبا ہوا ہے۔ مستقبل میں اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے لیے جدید نکاسی نظام ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک کے فنڈز سے کام کررہے ہیں، سیوریج نظام میں بہتری لارہے ہیں۔

یہ پڑھیں: کراچی کے بیشتر علاقوں میں 24 گھنٹے بعد بھی بجلی بحال نہ ہوسکی

مراد علی شاہ نے کہا کہ ہر ادارہ کراچی میں روڈ کٹنگ کی اجازت دے دیتا ہے جس کی وجہ سے بارشوں کے دوران مسائل ہوتے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اب روڈ کٹنگ اتھارٹی بنا رہے ہیں جو روڈ کٹنگ کی اجازت دے گی۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کے مطابق پچھلے 24 گھنٹے میں سب سے زیادہ 178 ملی میٹر بارش گلشن حدید میں ریکارڈ کی گئی، اس کے علاوہ کیماڑی میں 173 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

بارش کے دوران کرنٹ لگنے اور دیواریں گرنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 10 ہوگئی۔