لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پیشہ ورانہ تربیت ناگہانی حادثات کے نقصانات کوکم کر دیتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے فائرفائٹرز کے عالمی دن پراپنے پیغام میں کہا کہ جان ومال کے نقصان کو کم کرنے میں فائر فائٹرز کا کرداراہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ جدید تقاضوں کے مطابق فائرفائٹرزکی تربیت وقت کا تقاضہ ہے، پیشہ ورانہ تربیت ناگہانی حادثات کے نقصانات کوکم کر دیتی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ فائر فائٹرز کو ہرممکن وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں، ریسکیو 1122 کا دائرہ کار نچلی سطح تک بڑھایا جا رہا ہے۔
بے خوف و خطر آگ میں کود جانے والے جانباز سپاہیوں کا عالمی دن
واضح رہے کہ دنیا بھر میں آج آگ سے لڑنے والے جانباز سپاہیوں یعنی فائر فائٹرز کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔ آج کا دن زندگیاں بچانے کے لیے سلگتی بھڑکتی آگ میں کود جانے والے بہادر فائر فائٹرز کے نام منسوب ہے۔
اس دن کو منانے کا آغاز سنہ 1999 سے شروع کیا گیا۔ 4 جنوری 1998 کو آسٹریلیا کے شہر لنٹن کے جنگلات میں لگنے والی آگ کو بجھاتے ہوئے 5 فائر فائٹرز جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد فائر فائٹرز کی اہمیت کو اجاگر کرنے کی مہم شروع کی گئی اگلے برس سے اس دن کو باقاعدہ منانا شروع کیا گیا۔