سی این جی اسٹیشنز کی بندش کا نیا شیڈول جاری

سی این جی اسٹیشنز

کراچی سمیت سندھ بھر کے تمام سی این جی اسٹیشنز کی بندش سے متعلق نیا شیڈول جاری کر دیا گیا۔

شیڈول کے مطابق صوبے بھر کے تمام سی این جی اسٹیشنز کل اتوار 12 مئی صبح 8 بجے سے پیر 13 مئی تک 24 گھنٹے کیلیے بند رہیں گے۔

گزشتہ ماہ اپریل کے وسط میں ایف بی آر نے سی این جی کی فی کلو قیمت میں 11 روپے 70 پیسے سیلز ٹیکس میں اضافہ کیا تھا۔

ایف بی آر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ 200 روپے فی کلو کی بنیاد پر 18 فیصد سیلز ٹیکس عائد کیا گیا، فی کلو پر 36 روپے کے حساب سے سیلز ٹیکس عائد کیا گیا، اس سے قبل فی کلو پر 24 روپے 30 پیسے سیلز ٹیکس لاگو تھا۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا تھا کہ ریجن ون کیلیے سیلز ٹیکس ویلیو 140 سے بڑھا کر 200 روپے اور ریجن ٹو کیلیے سیلز ٹیکس ویلیو 135 سے بڑھا کر 200 روپے فی کلو مقرر کی گئی۔

ایف بی آر کا کہنا تھا کہ 200 روپے فی کلو ویلیو کی بنیاد پر 18 فیصد سیلز ٹیکس لاگو ہوگا، ریجن ون میں خیبر پختونخوا، بلوچستان اور پوٹھار ریجن شامل ہیں جبکہ ریجن ٹو سندھ اور خطہ پوٹھار کے سوا پنجاب کے دیگر شہروں پر مشتمل ہے۔