اسکواش چیمپئن حمزہ خان جیسے نوجوان پر قوم کو فخر ہے، آرمی چیف

اسکواش چیمپئن حمزہ خان جیسے نوجوان پر قوم کو فخر ہے، آرمی چیف

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پاکستان کو 37 سال بعد ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن بنانے والے حمزہ خان کو تعلیم اور کھیلوں میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کروا دی۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن حمزہ خان نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ اس دوران آرمی چیف نے نوجوان چیمپیئن کو ملک کیلیے بڑا اعزاز حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔

آرمی چیف نے اس موقع پر کہا کہ آپ جیسے باصلاحیت نوجوان پر قوم کو فخر ہے اور آپ کی کامیابی سے قوم کا سر فخر سے بلند ہوا ہے۔

جنرل عام منیر نے کہا کہ پاک فوج ملک میں نوجوان ٹیلنٹ کو آگے لانے میں مدد کرتی رہے گی اور انہیں حصول تعلیم اور کھیلوں میں مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے زور دیا کہ نوجوان اس ملک کا مستقبل ہیں جن کی توجہ، لگن اور محنت سے پاکستان بڑی کامیابیاں حاصل کر سکتا ہے۔