راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پیپلز لبریشن آرمی کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کرتے ہوئے چینی ہم منصب سے ملاقات کی، ملاقات میں سی پیک سمیت دیگر امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا ہے کہ چینی کمانڈر کے ساتھ ملاقات میں آرمی چیف نے خطے میں سیکورٹی کی صورتِ حال اور سی پیک کے امور پر گفتگو کی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور پیپلز لبریشن آرمی کے سربراہ جنرل ہان ویگو کی ملاقات میں باہمی دل چسپی کے امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
COAS met PLA Chief. Regional security environment, security of CPEC and bilateral security cooperation discussed. Chinese Gen expressed his keen desire to benefit from Pakistan Army’s combat experience and also expand bilateral cooperation. pic.twitter.com/E5K2DdshMD
— Maj Gen Asif Ghafoor (@OfficialDGISPR) September 17, 2018
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ چینی آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کام یابیوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
چینی کمانڈر ہان ویگو نے پاک فوج کے سربراہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک کے لیے پاک فوج کی سیکورٹی کا معیار قابلِ تعریف ہے۔
پیپلز لبریشن آرمی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ وہ انسدادِ دہشت گردی کے لیے پاک فوج کے تجربات سے استفادے کے خواہاں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف تین روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے، آئی ایس پی آر
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے مثالی باہمی فوجی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا، جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ دونوں ممالک کی افواج میں تعاون کو مزید بڑھایا جا سکتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کل وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن سے بھی ملاقات کریں گے۔ واضح رہے کہ آرمی چیف عوامی جمہوریہ چین کے تین روزہ دورے پر ہیں۔