آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ سر پر ہے ایسے میں بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن اور اوپنر تمیم اقبال میں سرد جنگ شدت اختیار کر گئی ہے۔
کرکٹ کا سب سے بڑا میلہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ اگلے ہفتے بھارت میں شروع ہو رہا ہے جس کے لیے تمام ٹیمیں بھرپور تیاریوں میں مصروف ہیں ایسے میں بنگلہ دیش میں ون ڈے کپتان شکیب الحسن اور اوپنر تمیم اقبال کے درمیان سرد جنگ نے شائقین بالخصوص بنگلہ دیش کے کرکٹ لورز کو چونکا دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق حال ہی میں کمر کی تکلیف سے صحتیابی کے بعد کرکٹ کے میدانوں میں واپسی کرنے والے تمیم اقبال نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سے کہا ہے کہ وہ انجری مسائل کے باعث ورلڈ کپ کے صرف 5 میچز کھیل سکتے ہیں تاہم اوپنر کی اس پیشکش کو کپتان نے سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بورڈ نے ان کا مطالبہ مانا تو وہ (شکیب الحسن) ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔
کمر کی تکلیف کی وجہ سے ایشیا کپ سے باہر ہونے کے بعد تمیم اقبال جنہوں نے ون ڈے کی کپتانی بھی چھوڑ دی تھی، نیوزی لینڈ کے خلاف جاری سیریز کے دوران انٹرنیشنل کرکٹ میں واپس آئے۔ انہوں نے 23 ستمبر کو میرپور میں دوسرے ون ڈے میں 58 گیندوں پر 44 رنز بنائے، لیکن کھیل کے بعد ان کا کہنا تھا کہ وہ ابھی بھی اپنی کمر میں کافی تکلیف محسوس کر رہے ہیں۔
اس حوالے سے بنگلہ ٹائیگرز اور رنگپور رائیڈرز کے سوشل میڈیا منیجر سیف احمد نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ کی ہے جس کے مطابق بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن بی سی بی صدر سے ملاقات کے لیے ان کی رہائش گاہ گئے تھے۔
سیف احمد نے مقامی ٹی وی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا تمیم اقبال نے بی سی بی کو آگاہ کیا کہ اگر وہ انہیں ورلڈ کپ میں لے جاتے ہیں تو انہیں اس حقیقت پر غور کرنا ہوگا کہ وہ مکمل طور پر فٹ نہیں ہیں اور وہ ورلڈ کپ میں 5 سے زیادہ میچ نہیں کھیل سکیں گے۔
تمیم اقبال کی اس شرط پر ون ڈے کپتان کا شدید ردعمل سامنے آیا اور انہوں نے کہا کہ وہ اس کو قبول نہیں کر سکتے اگر بی سی بی نے تمیم کی اس شرط کو تسلیم کیا تو وہ خود ورلڈ کپ اسکواڈ کا حصہ نہیں بنیں گے۔
🚨 THE FULL STORY:
As both Shakib Al Hasan & Tamim Iqbal are at BCB's resident right now and having a meeting with BCB President, it is quite clear now that what Somoy TV reported this evening, most of the part was quite true.
According to their report, Tamim Iqbal informed… pic.twitter.com/x4374e5KWM
— Saif Ahmed 🇧🇩 (@saifahmed75) September 25, 2023
بنگلہ دیشی اوپنر 34 سالہ تمیم نے 243 ون ڈے میچوں میں 14 سنچریوں اور 56 نصف سنچریوں کی مدد سے 36.65 کی اوسط سے 8357 رنز بنا رکھے ہیں۔
تمیم اقبال نے چند ماہ قبل تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان بھی کیا تھا تاہم بنگلہ کرکٹ پرستاروں کے اصرار اور وزیراعظم حسینہ واجد کی ذاتی دلچسپی کے باعث انہوں نے وزیراعظم سے ملاقات کرکے اپنا فیصلہ واپس لے لیا تھا۔
انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف جاری سیریز سے دوبارہ انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی پر کہا تھا کہ انہیں دوبارہ میدان میں آکر اچھا لگا لیکن انہیں ابھی بھی کمر میں درد محسوس ہو رہاہے اور وہ اپنے فزیو کے ساتھ اس پر کام کر رہے ہیں۔