کینیا پولیس کا حراست سے فرار سیریل کلر کی اطلاع دینے پر انعام کا اعلان

کینیا سیریل کلر

کینیا پولیس نے حراست سے فرار ہونے والے سیریل کلر کی اطلاع دینے پر نقد انعام دینے کا اعلان کردیا۔

اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں سیریل کلر جس پر 42 خواتین کو قتل کرکے ان کے ٹکڑے کرنے کا الزام ہے وہ پولیس کی حراست سے 12 قیدیوں کے ساتھ فرار ہوگیا تھا۔

گزشتہ روز پانچ افسران کو عدالت میں پیش کیا پر جن پر جمعیسی کے فرار میں مدد کرنے کا شبہ ہے تاہم انہیں دو لاکھ کینیا شلنگ کے بانڈ پر رہا کردیا گیا، استغاثہ کی جانب سے انہیں 14 دنوں تک حراست میں رکھنے کی استدعا کی گئی تھی۔

مجسٹریٹ نے پراسیکیوٹر کے دلائل کو مسترد کردیا۔

33 سالہ جمیسی جسے پولیس نے ویمپائر اور سائیکوپیتھ کے طور پر بیان کیا تھا اسے کچی آبادی میں کوڑے کے ڈھیر سے متعدد مسخ شدہ خواتین کی لاشوں کی لرزہ خیز واردات کے بعد گزشتہ ماہ گرفتار کیا گیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے 2022 سے دو سال کے عرصے میں 42 خواتین کو قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے، جس میں اس کی بیوی اس کا پہلا شکار تھی، تاہم ملزم نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کی گرفتاری کے بعد اسے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

افسروں نے بتایا کہ جمیسی اور دیگر افراد ایک تار کی جالی کی چھت کو کاٹ کر فرار ہو گئے۔

تاہم اعلیٰ حکام نے رقم بتائے بغیر کہا کہ جو بھی سیریل کلر کی اطلاع دے گا اسے نقد انعام دیا جائے گا۔

بمشکل چھ ماہ میں یہ دوسرا موقع ہے کہ نیروبی میں کسی ہائی پروفائل کیس کا ملزم حراست سے فرار ہوا ہے۔