بھارت میں ووٹ ڈال کر واپس جانے والوں کی بس میں خوفناک حادثے کے بعد آگ بھڑک اٹھی 6 افراد جھلس کر ہلاک ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ سنگین حادثہ آندھرا پردیش کے ضلع پلناڈو کے پاومرو گاؤں کے قریب رات گئے پیش آیا جب ووٹرز کو لے کر جانے والی بس اور ٹرک میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 6 افراد جھلس کر موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جب کہ 13 زخمی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق بس میں 40 افراد سوار تھے جو پاچورو اسمبلی حلقہ کے چناگنجام گاؤں کے رہائشی تھے اور آندھرا پردیش میں ووٹ ڈالنے کے بعد حیدرآباد واپس جا رہے تھے۔
مرنے والوں میں بس اور ٹرک ڈرائیور بھی شامل ہیں مرنے والے افراد میں چار کی شناخت 35 سالہ انجی، 65 سالہ یوکاشی، 55 سالہ یولکشمی اور 8 سالہ کے سائی شری کے نام سے ہوئی ہے جب کہ دو کی شناخت نہیں ہو سکی۔
حادثے میں جھلس کر زخمی ہونے والے 13 افراد کو گنٹور کے سرکاری اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
اس حادثے کے حوالے سے ایس پی بندو مادھو کا کہنا ہے کہ حادثہ بس ڈرائیور کی لاپروائی کی وجہ سے پیش آیا اور بس توازن کھو کر آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی اور یہ تصادم اتنا خطرناک تھا کہ فوری طور پر دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔