دھمکی ملنے پر کولمبیا نے ٹرمپ کی بات مان لی

پابندیوں سے خوفزدہ کولمبیا نے امریکا سے تارکین وطن کو واپس لینے پر رضامندی ظاہر کر دی۔

وائٹ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق کولمبیا تارکین وطن کو کسی رکاوٹ کے بغیر قبول کرے گا اور اب امریکا نے کولمبیا پر پابندیاں اور ٹیرف لگانےکا معاملہ روک دیا ہے۔

وائٹ ہاؤس نے کہا کہ تارکین وطن فوجی طیاروں کے ذریعے ہی کولمبیا پہنچائے جائیں گے۔

صدر کولمبیا نے فوجی طیاروں سے تارکین وطن واپس لینے سے انکار کیا تھا۔ انہوں نے اپنے ابتدائی بیان میں کہا تھا کہ امریکا تارکین وطن کو سویلین طیاروں سے بھیجے۔

امریکی صدر نے خبردار کیا تھا کولمبیا کی مصنوعات پر 25 فیصد ٹیرف لگائیں گے اور ساتھ ہی بگوٹا میں امریکی سفارتخانہ ویزا پروسیسنگ بند کر دیں گے۔

امریکا میں غیر قانونی تارکینِ وطن کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، پہلے مرحلے میں ایک لاکھ کے قریب غیر قانونی افراد کو ملک بدر کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حلف اٹھانے کے صرف 6 دن کے بعد ان کی جانب جاری سخت احکامات کے تحت غیرقانونی تارکین وطن کے سخت کارروائی کا آغاز کردیا گیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق امریکا بھر سے اب تک 2 ہزار سے زائد غیرقانونی تارکین وطن کو حراست میں لے کر ملک بدر کیا جارہا ہے۔

امریکی صدر جلد از جلد تقریبا 1 لاکھ سے زائد غیر قانونی تارکینِ وطن کو ملک بدر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اس وقت امریکا میں تقریباً 1 لاکھ 70 ہزار سے زائد غیر قانونی تارکینِ وطن مقیم ہیں، جن میں سب سے زیادہ ٹیکساس اور کیلی فورنیا میں رہائش پذیر ہیں۔