خیبر پختونخوا اور ضم شدہ اضلاع میں جشن آزادی تقریبات کا آغاز

خیبر پختونخوا اور ضم شدہ اضلاع میں جشن آزادی کی مناسبت سے تقریبات کا آغاز کر دیا گیا ہے کھیلوں کے مقابلوں سمیت ریلیاں اور تقریبات 14 اگست تک جاری رہیں گی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق خیبر پختونخوا اور ضم شدہ اضلاع میں جشن آزادی کی مناسبت سے تقریبات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ شمالی وزیرستان، جنوبی وزیرستان، کوہاٹ، باجوڑ، مہمند، خیبر میں تقریبات منعقد ہوئیں۔ سوات، اورکزئی، مالاکنڈ میں کھیلوں کے مقابلوں سمیت ریلیاں اور دیگر تقریبات 14 اگست تک جاری رہیں گی۔ ان تقریبات میں عوام بڑی تعداد میں شامل ہو کر حب الوطنی کا اظہار کر رہے ہیں۔

اسکولوں میں خصوصی تقریبات کا انعقاد جاری ہے جس میں یوم آزادی کی اہمیت سے متعلق تقاریری مقابلوں میں طلبہ وطالبات جوش وخروش سے حصہ لے رہی ہے۔

نوجوانوں میں مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جا رہے ہیں، جس کے فائنل میچز 14 اگست کو ہوں گے۔

جشن آزادی کے حوالے سے عوام میں بھی جوش وخروش پایا جاتا ہے۔ لوگوں نے اپنے گھروں، دکانوں اور بچوں نے اسکولوں کو سبز ہلالی پرچموں سے سجا لیا ہے اور وہ مذکورہ علاقوں میں قومی پرچم تقسیم کر رہے ہیں۔