ایئرپورٹ آؤٹ سورسنگ اور پی آئی اے کی نجکاری کیلیے کمیٹی تشکیل

ایئرپورٹ آؤٹ سورسنگ اور پی آئی اے کی نجکاری کیلیے کمیٹی تشکیل

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ اور قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی نجکاری کیلیے کمیٹی تشکیل دے دیا۔

وفاقی وزیر دفاع اور ہوا بازی خواجہ آصف کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی جس کا وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی ایئرپورٹ مینجمنٹ کی آؤٹ سورسنگ کا جائزہ لے گی، کمیٹی پی آئی اے کی نجکاری سے متعلق امور کی نگرانی کرے گی۔

کمیٹی ارکان میں وزیر نجکاری اور وزیر خارجہ شامل ہوں گے جبکہ ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن، سیکریٹری نجکاری اور سیکریٹری ہوا بازی ڈویژن کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ہوا بازی ڈویژن کمیٹی کیلیے سیکریٹریل سپورٹ فراہم کرے گی۔

قبل ازیں وفاقی وزرا خواجہ آصف اور عبدالعلیم خان کی زیرِ صدارت پی آئی اے نجکاری پر اجلاس ہوا جس میں سی اے اے، نجکاری کمیشن اور فنانس ڈویژن کے سیکریٹریز نے شرکت کی۔

اجلاس میں مالیاتی مشیروں نے بولی سے پہلے اور بولی کے بعد مختلف شعبوں پر اپنے خدشات کا اظہار کیا، قرض کی دوبارہ پروفائلنگ، 6 ماہ کے کیش فلو پلان اور ذمہ داریوں کی منتقلی پر گفتگو ہوئی۔

اس موقع پر خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ مئی میں قومی فلیگ کیریئر کو ای اے ایس اے کی کلیئرنس سے فائدہ ہوگا، یہ کلیئرنس پی آئی اے کو ممکنہ بولی دہندگان کیلیے مزید قیمتی پرکشش بنائے گی۔

اجلاس میں وزیر ہوا بازی نے یہ بھی بتایا کہ جلد ہی برطانیہ کیلیے پروازیں دوبارہ شروع ہو جائیں گی۔