یونان کشتی حادثے کی تحقیقات کیلئے قائم کردہ کمیٹی نے کام شروع کر دیا

یونان کشتی حادثہ

اسلام آباد : یونان کشتی حادثے کی تحقیقات کیلئے قائم کمیٹی نے کام شروع کر دیا اور ایف آئی اے سے اہم ریکارڈ طلب کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق سانحہ یونان کی تحقیقات کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر قائم کردہ کمیٹی نے کام شروع کر دیا۔

کمیٹی کی سربراہی نیشنل پولیس بیورو کے ڈائریکٹر جنرل احسان صادق کر رہے ہیں جبکہ جواٸٹ سیکر ٹری داخلہ فیصل نثار اور ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ جاوید عمرانی بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔

کمیٹی نے ایف آئی اے سے اہم ریکارڈ طلب کر لیا ہے، ذرائع کے مطابق کمیٹی نے تمام ایجنٹس اور گرفتار ہونے والوں کی تفصیل مانگی ہےجبکہ کمیٹی کی جانب سے یونان جانے والوں کا بھی ڈیٹا مانگا گیا ہے۔

خیال رہے یونان کشتی حادثے میں بڑی تعداد میں پاکستانی شہریوں کی ہلاکت پر آج ملک بھر میں یوم سوگ منایا جا رہا ہے، آج قومی پرچم سرنگوں رہے گا اور دعائیہ تقریبات منعقد ہوں گی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے انسانی اسمگلنگ کے گندے دھندے میں ملوث افراد کے گرد گھیرا تنگ کرنے اور انھیں نشان عبرت بنانے کا بھی حکم جاری کیا تھا۔

وزیراعظم نے کشتی حادثے کی تحقیقات کے لیے چار رکنی اعلیٰ سطح تحقیقاتی کمیٹی بھی بنا دی تھی ، جو ایک ہفتے میں وزیر اعظم کو رپورٹ پیش کرے گی۔