کمیونیکیشن اسکلز سیکھنا کیوں ضروری ہے؟ جانیے

زندگی میں ترقی کے حصول اور معاشرے میں حلقہ احباب کو وسیع کرنے کے لیے کمیونیکیشن ایک بنیادی جُز ہے، یعنی بات چیت کے دوران اپنے نکتہ نظر اور مقصد سے دوسروں کو عمدگی سے آگاہ کرنا اظہار خیال میں مہارت یا ’’کمیونیکیشن اسکِلز ‘‘کہلاتا ہے۔

اپنی پہلی درسگاہ سے لے کر گھریلو اور دفتری معاملات کے علاوہ نئے دوست بنانے تک آپ کی کمیونیکیشن کی صلاحیت ہی ہے جو آپ کو سماجی سطح پر بلند کرتی ہے اور آپ کی منزل اور اہداف کے حصول کو تیزی سے اور آسانی سے ممکن بناتی ہے۔

اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں کمیونیکیشن اسکِلز ایکسپرٹ امبر عسکری نے ناظرین کو اظہار خیال میں مہارت حاصل کرنے سے متعلق اہم اور مفید مشورے دیے۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ میں گفتگو کرنے کی صلاحیت اچھی ہے تو زندگی میں آپ کو آگے بڑھنے اور اپنے اہداف تک کامیابی سے پہنچنے سے کوئی نہیں روک سکتا یہی کامیابی کی کنجی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ کے تعلقات اچھے نہیں ہیں تو اس کی وجہ کمیونیکیشن گیپ ہے، جس پر قابو پانا بہت ضروری ہے لیکن یاد رہے کہ ’کمیونیکیشن اسکِلز‘ یعنی اپنے خیالات کے اظہار میں مہارت سیکھنا ناممکن بات نہیں۔

امبر عسکری نے بتایا کہ کسی سے بات کرتے ہوئے ہمارے لیے الفاظ کا چناؤ بہت اہمیت کا حامل ہوتا ہے کہ ہم کس کے سامنے کیا بات کررہے اور کس انداز اور کس لہجے میں کررہے ہیں یا ہمارے چہرے کے کیا تاثرات ہیں؟ ان ہی سب باتوں سے سامنے والا ہماری ذہنیت اور شخصیت کا اندازہ لگاتا ہے۔

انہوں نے والدین کو مشورہ دیا کہ اس کی تربیت بچوں کو گھر میں دیں گھر کا ماحول اچھا رکھیں انہیں سکھائیں کہ دوسروں کے سامنے کیسے اور کیا بات کرنی ہے کیا نہیں اور انہیں اٹھنے بیٹھنے کھانے پینے کے آداب سکھائیں تاکہ یہ تربیت ان کیلئے بڑے ہوکر ایک اچھا اور بااخلاق انسان بننے میں مددگار ثابت ہو۔