تھریڈز کا مقابلہ، ٹوئٹر اپنی ایپ میں بڑی تبدیلی کر رہا ہے؟

ٹوئٹر کی حریف قرار دی جانے والی میٹا کی نئی ایپ تھریڈز آتے ہی چھا گئی ہے جس کے بعد اب ٹوئٹر اپنی ایپ میں بڑی تبدیلی کر رہا ہے جو جلد منظر عام پر آجائے گی۔

وہ آیا، اس نے دیکھا اور فتح کرلیا کے مقولے کے عین مطابق تھریڈز آتے ہی چھا گیا ہے اور صرف چند روز میں ملین افراد اس سے منسلک ہوچکے ہیں جن میں دنیا کے چوٹی کے سیاستدان، کاروباری افراد، شوبز کی عالمی شہرت یافتہ شخصیات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد شامل ہے جس کے باعث اس کو ٹوئٹر کا سخت حریف مانا جا رہا ہے اور جس طرح ایلون مسک اور مارک زکربرگ میں اس حوالے سے بحث اور قانونی کارروائی کی دھمکی دی جا رہی اس سے یہ بات سچ بھی ثابت ہو رہی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس اثر انگیزی کو زائل کرنے کے لیے اب ٹوئٹر اپنی ایپ میں بڑی تبدیلی لا رہا ہے اور ٹوئٹر کی جانب سے موبائل ایپ کے لیے ویڈیو اور آڈیو کال کے فیچر کو جلد متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

ٹوئٹر کی ڈیزائنر اینڈریا کانوے نے گزشتہ دنوں ایک ٹوئٹ میں ایک اسکرین شاٹ شیئر کیا تھا جس میں ویڈیو چیٹ کے فیچر کو استعمال کرتے دکھایا گیا۔

 

مذکورہ ٹویٹ میں اس حوالے سے مزید وضاحت نہیں کی گئی ہے تاہم اندازہ ہوتا ہے کہ ویڈیو اور آڈیو کال کا فیچر ڈائریکٹ میسجنگ کے سیکشن میں ہوگا۔ ڈائریکٹ میسج میں اوپر دائیں جانب فون کا آئیکون دیا جائے گا جس سے آڈیو یا ویڈیو کال کی جاسکے گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹوئٹر کی جانب سے گیلری، GIF اس کے علاوہ آڈیو سیکشنز کو بھی میسجنگ ٹیب کے بائیں جانب پلس بٹن میں شامل کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، مگر اس حوالے سے کمپنی نے ابھی تصدیق نہیں کی۔

واضح رہے کہ ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے چند ماہ پہلے کہا تھا کہ بہت جلد سوشل میڈیا نیٹ ورک میں آڈیو اور ویڈیو چیٹ کا فیچر متعارف کرایا جائے گا۔ اس وقت ان کا کہنا تھا کہ اس فیچر کو متعارف کرانے کے بعد ہر ٹوئٹر صارف کسی بھی فرد سے دنیا بھر میں فون نمبر کے بغیر آڈیو یا ویڈیو کال پر بات کر سکے گا۔

تاہم اب ٹوئٹر کی جانب سے نئے فیچرز سبسکرپشن سروس ٹوئٹر بلیو کے صارفین تک محدود کیے جا رہے ہیں تو زیادہ امکان یہی ہے کہ کالنگ فیچرز ماہانہ فیس ادا کرنے والے افراد کو ہی دستیاب ہوں گے۔