ایران پر اسرائیلی جارحیت اور حملوں کی مذمت کرتے ہیں، پاکستانی مندوب

جنیوا : اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب عاصم افتخار  نے کہا ہے کہ ایران پر اسرائیلی جارحیت اور حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔

سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی مندوب نے کہا کہ گزشتہ اجلاس میں ارکان کی جانب سے خطرناک کشیدگی سے خبردار کیا گیا تھا۔

پاکستانی مندوب عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ امریکا کے ایران کے جوہری تنصیبات پر حملوں اور اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے ایران کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ایران کے حق دفاع کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی امن کی اپیلوں اور سفارت کاری سے امن کی کوششوں کو نظرانداز کیا گیا، پاکستان نے یو این چارٹر کے مطابق اصولی مؤقف اپنایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حملوں میں آئی اے ای اے کی حفاظتی تدابیر کو نظرانداز کیا گیا، تنازع میں ڈائیلاگ اور سفارت کاری کو موقع دیا جائے۔

عاصم افتخار نے کہا کہ حالیہ امریکی حملوں سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھی ہے، ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، ارکان پر فرض ہے کہ سیکیورٹی کونسل کے فیصلوں پرعمل کریں۔

ایران، اسرائیل اور امریکی تنازع سے متعلق تمام خبریں جاننے کے لیے کلک کریں

انہوں نے کہا کہ پاکستان قرار داد کے نکات پر تعاون کے لیے تیار ہے، اسرائیل کے فلسطین پر غیر قانونی قبضے کو برداشت نہیں کیا جاسکتا، تاریخ نے سبق سکھایا ہے کہ طاقت کے استعمال سے مسائل بگڑتے اور انسانی المیہ جنم لیتا ہے، سفارتکاری اور ڈائیلاگ ہی واحد تمام مسائل کا واحد حل ہے۔

پاکستانی مندوب کا مزید کہنا تھا کہ تنازع کے فریقین مزید کشیدگی سے گریز کریں، ایرانی جوہری پروگرام پر ایسا حل نکالیں جو سب کو قبول ہو، امید ہے قرارداد پر کونسل ارکان حمایت کریں گے۔