نیوزی لینڈ میں کھیلی گئی سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو، وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی، گورنر سندھ نے قومی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے سہ ملکی ٹی 20 سیریز میں پاکستان کی فتح پر کپتان بابر اعظم، فائنل میچ کے ہیرو محمد نواز سمیت پوری ٹیم اور پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
بلاول بھٹو نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ عزم اور بہترین ٹیم ورک کامیابی کی کنجی ہے، قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی محنت اور شاندار کھیل قابل ستائش ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے اس شاندار فتح پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ’’ویلڈن گرین شرٹس ویلڈن۔‘‘
پرویز الہٰی نے اپنے پیغام میں کہا کہ کیویز کو ہوم گراؤنڈ میں شکست دینے پر قومی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں، محمد نواز نے بہترین کھیل سے پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، فتح ہمیشہ محنت، جذبے اور عزم کی ہوتی ہے اور یہ بات ٹیم نے آج پھر ثابت کردی، کھلاڑیوں نے ٹیم ورک سے بہترین کھیل پیش کیا اور جیت اپنے نام کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ فائنل میں فتح سے پاکستانی کھلاڑیوں کا مورال بلند ہوا ہے، امید ہے کہ فتوحات کا سلسلہ ورلڈ کپ میں بھی برقرار رہے گا۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اپنے پیغام میں قومی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیم نے پوری سیریز میں بہترین کھیل پیش کیا اور فائنل میں نیوزی لینڈ کو ہر شعبے میں آؤٹ کلاس کیا۔