’’آج ہی اپنا کام شروع کر دیں‘‘ آصف زرداری کی نومنتخب میئرز کو ہدایت

سابق صدر آصف زرداری نے نومنتخب میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور دیگر میئرز وڈپٹی میئرز کو منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پیپلز پارٹی کے مرتضیٰ وہاب میئر کراچی منتخب ہوگئے ہیں جبکہ حیدرآباد سمیت دیگر اضلاع میں بھی پی پی امیدواروں کی اکثریت میئر، ڈپٹی میئر، چیئرمین ووائس چیئرمین منتخب ہوئی ہے جس پر پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری نے مبارکباد پیش کی ہے۔

آصف علی زرداری نے مرتضیٰ وہاب کو کراچی کا میئر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی ہے اس کے ساتھ ہی انہوں نے سندھ میں دیگر میئرز، ڈپٹی میئرز، ڈسٹرکٹ کونسلز، ٹاؤنز چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کو منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی ہے۔

سابق صدر نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ یہ کامیابی کارکنوں کی محنت کا نتیجہ ہے، اب یہ نومنتخب بلدیاتی نمائندوں کا فرض ہے کہ وہ اپنے دفاتر کے دروازے عام کے لیے کھلے رکھیں۔

انہوں نے تمام نومنتخب میئرز، ڈپٹی میئرز، چیئرمینز اور ڈپٹی چیئرمینز کو ہدایت کی کہ وہ آج سے ہی اپنا کام شروع کر دیں۔