پریس کانفرنس کے دوران سیاسی رہنما کی موت، ویڈیو سامنے آگئی

پریس کانفرنس کے دوران سیاسی رہنما کی موت، ویڈیو سامنے آگئی

بھارت کی ریاست کرناٹک میں پریس کانفرنس کے دوران کانگریس کے مقامی رہنما کی موت سے چند لمحے قبل کی ویڈیو سامنے آگئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق متوفی کانگریس رہنما کی شناخت روی چندرن کے نام سے ہوئی جو دیگر سیاسی رہنماؤں کے ساتھ مل کر پریس کانفرنس کر رہے تھے۔

دراصل کرناٹک کے گورنر نے وزیر اعلیٰ سدارامیا کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی اجازت دی ہے جس کے خلاف سیاسی رہنما بنگلورو پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ روی چندرن ہاتھ میں مائیک لیے خطاب کر رہے ہیں اور اس دوران انہیں سینے میں تکلیف محسوس ہوئی اور وہ چند لمحوں کیلیے رُک گئے۔

روی چندرن کرسی سے زمین پر گر گئے جس کے بعد وہاں موجود لوگوں نے انہیں فوری فورٹس اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔

ان کی موت دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوئی۔

متوفی کانگریس رہنما کوروبارا سنگھا کے صدر اور کولار ضلع کے رہنے والے تھے جبکہ کرناٹک بی سی کمیشن کے رکن بھی تھے۔

ان کے انتقال پر وزیر اعلیٰ سدارامیا نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔